کولکاتہ،12؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی صدر امت شاہ نے آج مغربی بنگال حکومت کی حکمران پارٹی ترنمول کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ ریاست میں بی جے پی کارکنوں کے خلاف تشدد میں ملوث ہے۔اسی وقت انہوں نے انسانی حقوق کے اداروں سے درخواست کی کہ وہ اس کے خلاف آوازاٹھائیں۔امت شاہ نے اپنے تین روزہ سرکاری دورے کے آخری دن صحافیوں سے گفتگوکی۔انہوں نے کہاکہ آج میں ان متاثرین کے خاندان کے ارکان سے ملا، جو گزشتہ چھ ماہ میں بنگال میں سیاسی تشدد کے شکار ہوئے ہیں۔یہ سب اس لیے ہوا کیونکہ ان لوگوں نے حکمران ترنمول کانگریس کے نظریات کی حمایت نہیں کی۔امت شاہ نے کہاکہ میں یہاں لوگوں سے پوچھناچاہتاہوں کہ یہ رابندر ناتھ ٹیگور بنگال ہے؟ ۔کیایہ ویندوکنڈا بنگال ہے؟۔ ترنمول کانگریس کے علاوہ کسی سیاسی پارٹی کو کسی کردارکے لیے کوئی آزادی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تشدد شاید کہیں نہیں دیکھاہوگا۔ممتا بنرجی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے امت شاہ نے الزام لگایا کہ بہت سے لوگ مارے گئے، کئی زخمی ہوئے اور ان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔امت شاہ نے کہا کہ ایسے ماحول میں بنگال میں ترقی نہیں ہوسکتی ہے۔انہوں نے ریاست میں بی جے پی کے کارکنوں کے خلاف سیاسی تشدد کی رپورٹ کے لیے انسانی حقوق کے اداروں سے درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے ارکان کو بسیرہاٹ، بیربھوم اور ریاست میں دیگر مقامات پر جانا چاہئے اور سیاسی تشددکے متاثرین سے بات چیت کرنی چاہیے۔